(کوئٹہ) : بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی سیوریج کے پانی سے سبزیاں آگانے کے خلاف مہم جاری !
سمنگلی روڈ (ظاہر ٹاؤن ، سرور ٹاؤن) کے علاقوں میں تقریباً 30 ایکڑ اراضی پر مختلف سبزیوں کی زیر کاشت و تیار فصلیں تلف ۔۔۔
کاشتکاروں کو مضر صحت سبزیوں کی کاشت سے باز رکھنے کیلئے 18 مقامات پر فصلوں کو نالوں سے زہریلے پانی کی فراہمی کے ذرائع بھی منقطع کردئیے گئے ۔
ڈی جی بلوچستان فوڈاتھارٹی محمد نعیم بازئی کے مطابق سیوریج کے پانی سے فصلوں کی کاشت کی تدارک کے لیے مستقل بنیادوں پر کاروائیاں جاری رہیں گی۔
شہریوں کا اس ضمن میں کہناہے کہ سیوریج کے گندے پانی سے کاشت ہونے والی فصلوں سے پھیلنے والی بیماریوں کو روکنے کے لئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی حکمت عملی قابل ستائش ہے ، عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس گھناؤنے دھندے میں ملوث صحت دشمن عناصر کے خلاف مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
واضح رہے کہ عدالتی فیصلوں کی روشنی میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے تعاون سے گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران نالوں کے پانی سے کاشت کردہ سبزیوں کے خلاف کاروائیاں کر رہی ہے ، اس سلسلے میں اب تک کوئٹہ شہر و ملحقہ علاقوں میں سیوریج کے پانی سے سینکڑوں ایکڑ زمین پر کاشت کردہ مضر صحت سبزیاں تلف کی گئی ہیں۔