(کوئٹہ) – جعلی،ملاوٹ زدہ مکھن تیار و سپلائی کرنے والے 5 مکھن پروڈکشن یونٹ سیل کردئیے گئے ۔ مذکورہ کارخانوں سے کئی من جعلی و غیر صحت بخش مکھن برآمد ہوا ۔
مکھن بنانے والے فیکٹریوں کے خلاف علمدار روڈ ، کواری روڈ ، سیٹلائٹ ٹاؤن ، ہزارہ ٹاؤن اور کاسی روڈ میں کاروائیاں کی گئیں ۔
پروڈکشن یونٹس میں نکاسی آب ، صفائی و اسٹوریج کے انتظامات انتہائی ناقص ، پراسیسنگ احاطوں میں حشرات کی موجودگی اور مشینری آلودہ پائی گئی ۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا کہنا ہے کہ جعلی مکھن بڑے پیمانے پر شہر میں فروخت و سپلائی اور مٹھائیاں، ریوڑی، کڑاہی گوشت و دیگر اشیاء تیار کرنے والے مراکز و ہوٹلوں کو سپلائی کیا جاتا تھا۔انھوں نے مزید واضح کیا کہ مضر صحت جعلی مکھن کو صحت بخش سمجھ کر صارف زیادہ مقدار میں استعمال کرتے ہیں جو انتہائی خطرناک ہے۔ ناقص اجزاء سے تیار کردہ مکھن مختلف بیماریوں کا سبب بنتا ہے ۔ اس حوالے سے ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اشیاء خوردونوش کی خریداری کے لیے ہمیشہ بااعتماد سٹورز کو ترجیح دیں ، مکھن سمیت تمام اشیاء خوردونوش ہمیشہ مستند اور معیاری ہی خریدی جائیں جبکہ اس ضمن میں کسی بھی شکایت کی صورت میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے رابطہ کریں تاکہ ذاتی فائدے کیلئے لوگوں کی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت و بروقت کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔