کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں بی ایف اے حکام کی جانب سے اراضیات کے مالکان و کاشتکاران کو سبزیوں کی کاشت کیلئے سیوریج کا پانی استعمال نہ کرنے سے متعلق تنبیہ نوٹسز براہ راست جاری کیے گئے۔ زمینداروں و کاشتکاروں کو بتایا گیا کہ خوردنی فصلوں کی تیاری کیلئے سیوریج کا پانی ہر گز استعمال میں نہ لایا جائے بصورت دیگر عدالت عالیہ بلوچستان کے فیصلوں کی روشنی میں قوانین کی خلاف ورزی پر ملوث عناصر کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور سیوریج سے تیار کردہ کھڑی فصلوں کو تلف کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سیوریج کے زہریلے پانی سے کاشت کردہ سبزیاں نا صرف انسانی صحت بلکہ جانوروں کے لیے بھی خطرناک ناک ثابت ہوتی ہیں ، جس کے تدارک کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے متعدد بار کارروائیاں کی گئی ہیں جبکہ اس حوالے سے زمینداران و کاشتکاران کو بذریعہ اخبارات و سوشل میڈیا بھی تنبیہ و آگاہ کیا جا چکا ہے۔