2 ملک شاپس اور کراچی سے حب دودھ سپلائی کرنے والے 3 ملک سپلائرز پر جرمانے عائد ۔۔
ڈائریکٹر آپریشنز ہیڈ کوارٹر طارق حسین و ڈویژنل ڈائریکٹر (قلات) سجاد علی کی سربراہی میں انسپیکشن ٹیموں نے مشترکہ طور پر شہریوں کو فراہم کردہ دودھ کے معیار کا جائزہ لینے کیلئے حب میں قائم ملک شاپس و کراچی سے لائے جانے والے دودھ کے معیار کا جائزہ لیا ، موقع پر ٹیسٹ کردہ 5 ملک سیمپلز میں خشک دودھ اور پانی کی وافر مقدار مکس کی گئی تھی ۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹر آپریشنز (ہیڈ کوارٹر) طارق حسین کی قیادت میں فوڈ سیفٹی حکام نے ڈویژنل ڈائریکٹر سجاد علی کے ہمراہ حب میں مختلف اشیاء کے پروڈکشن یونٹس کا بھی معائنہ کیا ، پروڈکشن یونٹس میں اشیاء کی تیاری کے عمل سمیت مختلف امور تسلی بخش پائے گئے تاہم پروڈکشن یونٹس مالکان کو قوانین کے مطابق بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے رجسٹریشن و لائسنس حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ، جس پر یونٹس مالکان نے اس حوالے موجود تمام قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی ۔